پانی کی عدم فراہمی کیخلاف ناگن چورنگی اور سرجانی میں مظاہرے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پانی کی عدم فراہمی کیخلاف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت ناگن چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ سرجانی ٹاؤن میں پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے مین شاہراہ بلاک کرکے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ ناگن چورنگی پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماخالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومت کے وعدوں پر عملدرآمد نہیں ہوا، پانی کی قلت پراحتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں، کے 4منصوبے میں اپنوں کونوازنے کاسلسلہ جاری ہے، یہ منصوبہ2007 میں ہم نے شروع کیا تھا، پیپلزپارٹی کے فورمنصوبے کا ڈیزائن21بار تبدیل کرا چکی ہے، شہرمیں پانی نہیں اور پیاسا کراچی آج پانی کیلئے سراپا احتجاج ہے، چند قابضین کراچی کا پانی بیچ رہے ہیں۔ متحدہ رہنما عامرخان نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ ایم کیوایم کمزور ہوگئی ہے، اپنےاتحاد سےثابت کرینگے کہ ہم منتشر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اب قانونی گھروں کو بھی مسمارکررہی ہے، سندھ حکومت کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہماری لاشوں سے مشینیں چڑھانی ہوں گی۔ دوسری جانب سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکین مشتعل ہوگئے جس میں خواتین بھی شامل تھی کہ وہ سڑکوں پر آگئیں۔مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پانی دو پانی دو کا مطالبہ درج تھا ،مشتعل مکینوں کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل امیدوار محض دکھاوے کیلئے وعدے کرتے ہیں اور اقتدار میں نے کے بعد شہریوں میں آنا ہی بھول جاتے ہیں، مظاہرین کے احتجاج کے باعث سڑک پر ٹریفک کی روانی بھی معطل ہوگئی تھی ، بعدازاں احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری پہنچ گئی اور مظاہرین کو مذاکرات کے بعد پرامن طور پر منتشر کردیا۔

Comments (0)
Add Comment