اسٹیل ٹاؤن کے نجی اسپتال میں مشتعل افراد کی توڑ پھوڑ-عملے پر تشدد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیل ٹاؤن کے نجی اسپتال میں مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرتے ہوئے سیکورٹی گارڈ اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق گلشن حدید فیز 2 ایکسٹینشن ایریاکےنجی اسپتال میں مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی و توڑ پھوڑکی اور سیکورٹی گارڈ سمیت دیگر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اطلاع ملنے پرپولیس نے آکر صورت حال سنبھالی۔ ایس ایچ او راؤ رفیق کے مطابق ہفتے کی شب گلشن حدید کا رہائشی 57سالہ محمد انورتنیو ولد حاجی حامد علاج کیلئے اسپتال آیا تھا، جہاں ڈاکٹر نے اسے انجکشن لگایا اور دوا دی، جس کے بعد وہ گھر چلا گیا اور رات گئے اس کا انتقال ہوگیا، جس پراس کے اہلخانہ اور رشتہ داروں نے اسپتال پر دھاوا بول دیا اور دروازے وکھڑکیوں کے شیشے ٹوڑ دیئے، مشتعل افراد نے سیکورٹی گارڈ اسلم ولد دیدار اور دیگر عملے پر تشدد کیا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق متاثرین کا الزام ہے کہ غلط انجکشن لگانے سے محمد انورکا انتقال ہوا ہے۔ پولیس نے اسپتال میں نصب کیمروں کی فوٹیج حاصل کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

Comments (0)
Add Comment