رینجرز-پولیس آپریشن میں قاتل-اشتہاری اور منشیات فروشوں سمیت21گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس آپریشن، مقابلے میں قاتل، اشتہاری، اسٹریٹ کرمنلز اور منشیات فروشوں سمیت 21ملزم گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔ جبکہ اقبال مارکیٹ پولیس کے سرچ آپریشن 10مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق عوامی کالونی اور گارڈن میں رینجرز کارروائیوں کے دوران3ملزمان فہیم عرف مرغی، یونس عرف رستم اور شہریار عرف شیرو کو گرفتار کیا، ملزمان اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ رینجرز نے قائد آباد میں کارروائی کرکے 3ملزمان ساجد عرف ماما،عظیم اور نورالامین عرف رنگیلا کو گرفتار کیا، ملزم مسروقہ موبائل فونز کی خرید وفروخت اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں اور ان سے اسلحہ اور منشیات بھی ملی ہے۔ شاہ لطیف پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم نعیم علی اور فدا حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کیا۔ اسٹیل ٹاؤن پولیس نے اشتہاری ملزم زرولی کو گرفتار کرلیا، ملزم نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار خالد کو زخمی کیا تھا۔ رضویہ پولیس نے باپ کو چھری کے وار سے قتل کرنے والے ملزم بیٹے بلال کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے ۔ نیو کراچی پولیس نے 3اسٹریٹ کرمنلز فیضان خان، ارشد اور فیضان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ ڈاکس پولیس نے 2منشیات فروشوں خان بہادر اور عالم کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ کھارادر پولیس نے اسٹریٹ کرمنل ناصر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ گلبرگ پولیس نے3ملزمان ارسلان، عرفان عرف افی اور حمزہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ گارڈن پولیس نے 2ملزمان شہریار اور نومی عرف اسٹام کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔

Comments (0)
Add Comment