کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے منشیات سے بچا جاسکتا ہے۔ والدین اولاد کی تربیت میں کوتاہی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ اغیار کی اندہی تقلید ترک کرکے ہمیں اپنے بچوں کو اپنی اقدار سے آگاہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر ممنون حسین نے (بزم کرن) کے زیر اہتمام منشیات و سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا۔ صدرات معروف صنعتکار سعیداللہ والا نے کی۔ اس موقع پر بزم کرن کے صدر ظفر اقبال، سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی، جسٹس (ر) غلام ربانی، جسٹس (ر) ضیا پرویز، ایس ایم منیر، مفتی نذیر احمد، کرنل اطہر علی خان، ارشد انیس، پروفیسر ڈاکٹر نادیہ اطہر اور مولانا اسعد احمد نے بھی خطاب کیا۔ سعید اللہ والا نے کہا کہ منشیات اپنی تباہ کاری کے اعتبار سے دہشت گردی سے بھی خطرہ ہے۔ بزم کرن اندھیرے میں روشنی کی کرن ہے۔ جومعاشرے میں پھیلی بے راہ روی سے نسل نو کو محفوظ رکنے کیلئے مصروف عمل ہے۔ ظفر اقبال نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو تعلیم کی اعلیٰ ترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں، لیکن تربیت کے معاملے میں غافل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں عاشقان رسولؐ جلوسوں میں شریک دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن یہ کیسا عشق ہے کہ مساجد مقتدیوں سے خالی ہیں۔ جسٹس (ر) انور ظہر جمالی نے کہا کہ پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد منشیات سے متاثر ہے۔ اپنی نسلوں کو نشے کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مفتی نذیر احمد نے کہا کہ ہر قسم کا نشہ حرام ہے۔ جسٹس (ر) غلام ربانی نے کہا کہ منشیات کا زہر معاشرے کو تباہ کررہا ہے۔ جسٹس (ر) ضیا پرویز نے کہا کہ منشیات سوسائٹی کا ایک ناسور ہے جو مسلسل رس رہا ہے، اس سے نجات کیلئے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے۔