صادق آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نے کام نہیں کیا تو گھر جانا پڑے گا اور مجھے نہیں لگتا عمران خان زیادہ دیر حکومت سنبھال سکے گا۔ صادق آباد کے علاقے نواز آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ ہر دور میں سیاسی مخالفین جیلوں میں رہے لیکن پیپلزپارٹی کے دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، ہم نے مخالفین کو جیلوں میں رکھا نہ کسی کا احتساب کرنے کا سوچا، جب کہ جمہوریت کے لیے بھٹو اور بی بی نے شہادت پائی اور ہم نے جیلیں کاٹیں۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہر کوئی یہ سمجھتا ہے وہ ہم سے زیادہ ہوشیار ہے، میں نے بطور صدر اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو واپس کیے اگر اختیارات پارلیمنٹ کو نہ دیتا تو کوئی ڈینٹسٹ یا پکوڑے والا آج صدر نہ ہوتا لیکن یہ سمجھتے ہیں کہ 18ویں ترمیم ہم اپنے لیے لائے تھے، یہ صوبوں کے لیے لائی گئی تھی تاکہ نچلی سطح تک اختیارات منتقل کیے جائیں۔پی پی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ کپتان نے جھوٹے وعدے کیے اور یوٹرن لیے، ان سے نہ معیشت سنبھالی جاتی ہے اور نہ ہی ملک سنبھالا جارہا ہے، اگر انہوں نے کام نہیں کیا تو ان کو گھر جانا پڑے گا اور مجھے نہیں لگتا کہ کپتان زیادہ دن حکومت سنبھال پائے گا۔آصف زرداری نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جنوبی پنجاب صوبے کا اعلان کیا لیکن نعرہ ہمارا لیا اور یہ کہتے ہیں کہ نپولین نے یوٹرن نہیں لیا حالانکہ تاریخ میں نپولین اور ہٹلر کو ہیرو تسلیم نہیں کیا گیا، ہٹلر نے 55 ملین افراد کو قتل کیا۔