سرگودھا(مانیٹرنگ ڈیسک)جعلی عامل کے کہنے پر سنگ دل والدین نے اپنی معصوم بچی کو اپنے ہاتھوں سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔سرگودھا میں اعظم پارک کے علاقے میں باپ اور سوتیلی ماں نے ڈیڑھ سالہ بچی کو گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق باپ نے اپنی دوسری بیوی کے ساتھ مل کر عامل کے کہنے پر بچی کو قتل کیا۔ملزمان کے ہاں گھریلو جھگڑے ہوتے رہتے تھے اور انہوں نے گھریلو حالات میں بہتری کے لئے عامل کے کہنے پر بچی کو قتل کیا۔ بچی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں عملے نے پولیس کو اطلاع کردی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر والدین کو حراست میں لے لیا۔ بچی کی والدہ چار ماہ سے ناراض ہو کر میکے میں رہائش پذیر تھی،بچی اپنے باپ مطیع الرحمن اور دادی کے پاس تھی۔ابتدائی تفتیش میں بچی کے والدین کا کہنا تھا کہ رات گئے جنات نے بچی کا گلہ کاٹ کر مار دیا،اس سے پہلے مقتولہ کے بازوں پر کٹ لگائے گئے تھے۔ پولیس نے بچی کے چچا،والد اور دادی سے بھی تھانے میں تفتیش شروع کردی۔ڈی ایس پی ملک عثمان کے مطابق قتل کی وجہ کے اصل محرکات کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق بچی کو ممکنہ طور پر عامل کے کہنے پر قتل کیا گیا،مزیدتفتیش کی جارہی ہے۔