زلفی بخاری کی درخواست پر نیب تفتیشی افسر آج طلب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے زلفی بخاری کی درخواست پر نیب کے تفتیشی افسر کو منگل کے روز ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری عرف زلفی بخاری کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ نیب نے انکوائری میں شامل نہ ہونے پر میرے موکل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی، مگر وہ اب تو تفتیش میں شامل ہو چکے ہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے زلفی بخاری سے استفسار کیا کہ ایک دفعہ باہر جانے کی اجازت ملی ہوئی ہے تو اب کیا مسئلہ ہے؟ آپ نے تو ابھی تک جواب ہی نہیں دیا۔ نیب بھی بتائے کہ چیئرمین نیب نے ایک دفعہ باہر جانے کی اجازت کیوں دی؟ کیا کوئی ضمانت لی گئی؟عدالت نے نیب افسر کو مخاطب کیا کہ آپ تو خود اپنے موقف سے پیچھے ہٹ گئے ہیں، پہلے نام بلیک لسٹ میں تھے اب ای سی ایل پر ہے، اس کے بعد کیا کریں گے؟عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو مکمل ریکارڈ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت منگل کی صبح تک ملتوی کر دی۔

Comments (0)
Add Comment