گاو ماتا پر یوپی میں متعدد گاڑیاں نذر آتش – 2 ہلاک

نئی دہلی(امت نیوز)بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے بلند شہر میں گائو ماتا پرمتعدد گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں۔ جھڑپوں میں پولیس انسپکٹر سمیت2 افراد ہلاک ہو گئے۔ میرٹھ پولیس کے مطابق ضلع بلند شہر کے چنگراوتی گاؤں میں پولیس چوکی کے نزدیک گائے کا ڈھانچہ ملنے کے بعد انتہا پسند ہندو جماعت کے کارکنوں سمیت 400 افراد نےگائوں پر حملہ کردیا، اس دوران زبردست پتھراؤ اور فائرنگ کی گئی، ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ سمیت 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں 3 گھنٹے جاری رہیں۔ انتہا پسند ہندوئوں نے متعدد گاڑیوں اور پولیس چیک پوسٹ کو بھی آگ لگادی۔ حکام کے مطابق پیر کی صبح پولیس کو خبر ملی تھی کہ چنگراوتی گاؤں میں گائے ذبح کی گئی ہے۔ بلند شہر میں کشیدگی تاحال برقرار ہے۔ علاقے میں 3روزہ تبلیغی اجتماع کے واپس جانے والے شرکا کو ہراساں کرنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment