طالبان سے مذاکرات پر امریکہ نے پاکستان سے مدد مانگ لی

اسلام آباد(نمائندہ امت۔مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون کی درخواست کی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو امریکی صدر کا خط گزشتہ صبح موصول ہوا جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے افغانستان میں قیام امن کے لیے مدد کی درخواست کی ہے۔صحافیوں سے گفتگومیں وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ آج صبح ہی امریکی صدر کا خط آیا جو بہت مثبت ہے، ٹرمپ نے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون مانگا ہے، ہم ان کو پورا تعاون دیں گے‘۔وزیراعظم نے کہا کہ ’اس حوالے سے پاکستان اور امریکی حکام کے درمیان رابطہ ہے، افغانستان کے لیے امریکی حکومت کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد بھی پاکستان آرہے ہیں، ہم افغانستان میں امن لانے کیلئے خلوص کے ساتھ پوری کوشش کریں گے‘۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ماضی میں امریکا سے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا گیا، اب ہم نے امریکا کو برابری کی بنیاد پر جواب دیا تو ٹرمپ نے خط لکھا، ہم پوری کوشش کریں گے کہ افغان مسئلے کا حل نکالنے کے لیے جو کردار ادا کرسکیں وہ کریں‘۔دفتر خارجہ کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان مل کر کام کرنے کے مواقع تلاش کرنے اور نئی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افغان مسئلہ کے مذاکراتی تصفیے کیلئے پاکستان سے تعاون طلب کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے امریکی صدر کے خط کا متن بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغان جنگ کا مذاکرات کے ذریعے حل خطے کے لیے اہم ہے، مسئلہ افغانستان کے حل کے لیے پاکستان کی معاونت درکار ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغان جنگ سے امریکا اور پاکستان دونوں کو نقصان ہوا، پاکستان اور امریکا مل کر کام کرنے کے مواقع تلاش کریں۔دریں اثناوزیر اطلاعات فواد چوہدری نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ایک خط لکھا ہے اور پاکستان سے تعاون مانگا ہے کہ وہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے مدد کرے۔فواد کے مطابق ٹرمپ نے لکھا ہے کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات بہت اہم ہیں اور افغان تنازعے کا حل تلاش کرنے میں بھی پاکستانی کردار کی بہت اہمیت ہے۔اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے فوری طور پر اس خط کے حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خط پاکستانی وزارت خارجہ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے امریکی صدر کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے سیاسی حل پر زور دیا ہے جبکہ پاکستان امن مذاکرات کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کو بھی تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Comments (0)
Add Comment