دھماکے سے کار تباہ – ڈیفینس بڑی تباہی سے بچ گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس میں خالی پلاٹ پر کھڑی کار میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب خوفناک دھماکہ ہوگیا، جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، علاقہ بہت بڑی تباہی سے بچ گیا۔ درخشاں کے علاقے ڈیفنس خیابان مجاہد گلی نمبر 33 کے پلاٹ نمبر 36 پر کھڑی سفید رنگ کی کار میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب خوفناک دھماکہ ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔دھماکے کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ خالی پلاٹ سے پولیس نے گھر میں استعمال ہونے والے چھ سلنڈر اپنی تحویل میں لے لیے ، ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید علام اوڈھو کے مطابق دھماکے میں 8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد اور 6 میٹر لمبی ڈیٹونیٹنگ کورڈ استعمال کی گئی تھی، بارود کے ساتھ اگر گیس سلنڈرز بھی پھٹ جاتے تو 100 کلوگرام شدت کا دھماکہ ہوتا، تاہم خوش قسمتی سے سلنڈر نہیں پھٹ سکے،انہوں نے مزید بتایا کہ جس مقام پر دھماکہ کیا گیا وہاں کوئی ہائی ویلیو ٹارگٹ نہیں، دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے کار کے اندر دیسی ساختہ بم تیار کرکے اسکو گیس سلنڈر سے جوڑ دیا تھا تاکہ دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے سلنڈر بھی زور دار دھماکوں سے پھٹ جائینگے لیکن خوش قسمتی سے سلنڈر نہیں پھٹ سکے ، ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او ارشد جنجوعہ نے بتایا کہ ملزمان نے جس گاڑی میں دھماکہ کیا ہے اس گاڑی کی نمبر پلیٹ AAW-716 پولیس کو مل گئی ہے ، مذکورہ کار اتوار کی شام جمشید کوارٹر کے علاقے سے گھر کے نیچے سے چوری ہوئی تھی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے بلاسٹ کیا گیا ، ملزما ن نے بم کے ساتھ چھ گھریلوں سلنڈر ایل پی جی کے فٹ بھی کیے تھے ، اور انکی گیس لیک کی تھی، جو دھماکے کے نتیجے میں نہیں پھٹ سکے ، جبکہ گاڑی کا سلنڈر بھی مل گیا ، گاڑی کے مالک ارشد اعوان نے گاڑی کے چوری کا مقدمہ درج کروا دیا۔گاڑی اتوار شام چھ بجے گھر کے باہر سے چوری ہوئی، آدھے گھنٹے بعد سی پی ایل سی اور متعلقہ تھانے میں رپورٹ کرادی تھی،گاڑی اوپن لیٹر پراپنے سالے سے خریدی تھی۔ گاڑی بیٹے کو ڈرائیونگ سیکھانے کےلئے خریدی تھی پولیس کو تفتیش میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment