دفاع پاکستان کونسل – تحفظ ناموس رسالت کیلئے ملک گیر جدوجہد کا اعلان

اسلام آباد( خبرنگارخصوصی )دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس میں شریک مذہبی و سیاسی قائدین نے متفقہ طور پرجمعیت علمائےاسلام (س) کے صدر اور مولانا سمیع الحق شہید کے صاحبزادے مولانا حامد الحق حقانی کو دفاع پاکستان کونسل کا چیئرمین منتخب کرلیاگیا،ناموس رسالتﷺ، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت گری کیخلاف اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے ملک گیر سطح پر بھرپور جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔ 16دسمبر کو لاہور میں بڑی کانفرنس ہو گی۔ لیاقت بلوچ کی نگرانی میں7 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی کام کرے گی جبکہ محمد یعقوب شیخ دفاع پاکستان کونسل کے چیف کوآرڈینیٹر ہوں گے۔دفاع پاکستان کو فعال اور قومی سطح پر سرگرمیوں کو تیز کیا جائے گا۔یہ فیصلے جماعةالدعوة کی میزبانی میں مرکز قباآئی ایٹ میں ہونے والے اجلاس میں کئے گئے ۔مولانا سمیع الحق کی شہادت کے بعد دفاع پاکستان کونسل کا یہ پہلا باقاعدہ مشاورتی اجلاس تھا۔ اس موقع پر مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کے بہیمانہ قتل کی کڑیاں دہلی اور کابل سے ملتی ہیں، ان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتارکیا جائے۔ اس دوران ان کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اجلاس میں امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید،جمعیت علماءاسلام(س) کے صدر مولانا حامد الحق حقانی، لیاقت بلوچ،صاحبزادہ ابو الخیر زبیر، مولانا محمد احمد لدھیانوی، مولانا فضل الرحمن خلیل، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، محمد یعقوب شیخ، مولانا عبدالرؤف فاروقی،مولانا محمد یوسف شاہ، عبداللہ حمید گل، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، رضیت باللہ، حافظ خالد ولید، سید عبدالوحید شاہ ودیگر نے شرکت کی۔ دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس کے اختتام پردفاع پاکستان کونسل کے نومنتخب چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سمیع الحق کی شہادت سے پوری امت مسلمہ کے دل زخمی ہوئے ہیں۔ حکومت ان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہیں شہید اسلام اور شہید پاکستان کا ایوارڈ دے۔وہ پاکستان کو بچانے کیلئے شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مولانا سمیع الحق کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کے مشن کو تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور مجھے دفاع پاکستان کونسل کی قیادت کا بوجھ ڈالا ہے۔ سب سیاسی و مذہبی قائدین ہم سب کے دست و بازو ہیں ۔ان کے ساتھ مل کر ہم اسلام اور پاکستان کے دفاع کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ہم نے پورے پاکستان اور ملت اسلامیہ کیلئے آواز بلند کرنی ہے۔ ہم مظلوموں کا ساتھ دیں گے۔ پاکستان کی ترقی اور حفاظت کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ یہ ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر عمل میں آیا ۔امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے میدان میں کھڑی ہو گی۔ ناموس رسالت اور ختم نبوت پر کسی ڈاکہ نہیں مانے دیا جائے گا۔ قادیانیوں کیلئے جو نرم گوشے ہم دیکھ رہے ہیں ان کیلئے کوئی راستہ کھلا نہیں رہے گا۔ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان کے دفاع کیلئے مشرق اور مغرب کی سازشوں کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج آپ اتحاد کا یہ مظاہرہ دیکھ رہے ہیں ان شاءاللہ دفاع پاکستان کونسل میں دیگر جماعتوں کو بھی شامل کر رہے ہیں۔صاحبزادہ ابوالخیر زبیر ملی یکجہتی کونسل کے چیئرمین ہیں ۔ دفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل بڑے اتحاد ہیں۔ یہ قائدین ان شاءاللہ مل کربیرونی سازشوں کا توڑ کریں گے۔ سردار عتیق احمد اور اعجاز الحق کسی مجبوری کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے انہوں نے بھی اجلاس کے فیصلوں کی تائید کی ہے۔ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کریں۔ دفاع پاکستان کونسل کی سٹیئرنگ کمیٹی کے نگران لیاقت بلوچ نے اجلاس کے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل کا اجلاس حافظ محمد سعید کی میزبانی میں آج کا یہ اجلاس بہت اہمیت کا حامل تھا کہ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولاناسمیع الحق کی شہادت کے بعد یہ پہلا اجلاس تھا۔ اگرچہ وہ ساری زندگی جدوجہد میں گزارنے والی شخصیت تھے۔ جہاد کا میدان ان کیلئے بہت مرغوب میدان تھا اور شہادت ان کی تمنا تھی۔ اللہ نے انہیں یہ رتبہ عطا کیا۔ اللہ انہیں بلند درجات عطا فرمائے۔ اجلاس میں قیادت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ مولانا سمیع الحق شہید ایک نظریہ اور جدوجہد کا نام تھے۔ اس مشن کو جاری رکھا جائے گااور جس نظریاتی علم کو سربلند کیا اسے سرنگوں نہیں ہونے دیں گے اور پاکستان کو مثالی ریاست بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اس مقصد کیلئے بنیاد ی طورپر فیصلہ کیا ہے کہ دفاع پاکستان کو فعال اور قومی سطح پر سرگرمیوں کو تیز کیا جائے گا۔ اتفاق رائے سے مولانا سمیع الحق کی شہادت کے بعد مولانا حامد الحق حقانی کو چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ اللہ کی تائید اور مدد کے ساتھ وہ اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔ چیف کوآرڈینیٹر محمد یعقوب شیخ ہوں گے۔ لیاقت بلوچ سات رکنی سٹیئرنگ کمیٹی کے نگران ہوں گے۔ ۔ ہم اپنی سرگرمیوں کا آغاز 16دسمبر کو سقو ط ڈھاکہ کے موقع پردوپہر 2بجے لاہور میں بڑی کانفرنس کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment