کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن حدید اور نارتھ ناظم آباد میں 4اغوا کاروں اور ڈاکو ؤں کی شہریوں نے درگت بناکر علاقہ پولیس کے حوالے کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق گلشن حدید فیز 2 میں علاقہ مکینوں نے 2 افراد کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو مشتعل افراد کے چنگل سےچھڑاکر تھانے منتقل کیا ۔پولیس کے مطابق ملزمان شاہ محمد اور عظیم نے پانچویں کلاس کی طالبہ 10سالہ زینب کو چیز دلانے کے بہانے اغوا کرنے کی کوشش کی۔ بچی کے شور مچانے پر اہل علاقہ جمع ہو گئے اور انہوں نے دونوں کو پکڑکر ٹھکائی کی ۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ بچی کو اغوا نہیں کر رہے تھے ، تاہم پولیس نے شک ظاہر کیا ہے کہ بچی کو زیادتی کی نیت سے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔دریں اثنا نارتھ ناظم آباد میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں کو لوٹ مار کر تے ہوئے علاقہ مکینوں نے انہیں قابوکر اور ان کی درگت بنا نے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوئی ہے ۔ملزمان لیاقت آباد 4 نمبر کے رہائشی اور متعدد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔علاوہ ازیں بھینس کالونی چوکنڈی قبرستان کے قریب ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے 40سالہ شیراز اور نیو ل کالونی میں اندھی گولی لگنے سے 14سالہ سلمان زخمی ہو گیا ۔