لبیک کارکنوں کی رہائی کیلئے تحریک سے لا تعلقی کی شرط عائد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لبیک کارکنوں کی رہائی کیلئے تحریک سے لا تعلقی کی شرط عائد کر دی گئی۔ حکومت سندھ نے ٹی ایل پی سے لاتعلقی ظاہر کرنے والے اور دیگر مذہبی جماعتوں کے گرفتار کارکنان کو رہاکرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد شروع کردیا ہے ۔ اس ضمن میں سیکریٹری داخلہ نے آئی جی سے ٹی ایل پی سے تعلق نہ رکھنے والے افراد کی فہرست مانگ لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ نے سندھ پولیس کی سفارش پر 24اکتوبر کو جن تقریباً 175افراد کو ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیاتھا ۔ ان میں کئی ایسے افراد بھی شامل ہیں ، جن کا ٹی ایل پی سے تعلق نہیں ہے ۔ اس سلسلے میں سنی تحریک وغیرہ کی قیادت نے بھی صوبائی حکام سے رجوع کرکے موقف اختیار کیاتھا کہ ایم پی او کے تحت ان کے کارکنان کو بھی گرفتار کیاگیا ہے ، جبکہ گرفتارافراد کے رشتہ داروں میں سے بعض نے خود صوبائی محکمہ داخلہ کے حکام کے سامنےپیش ہوکہ موقف اختیار کیا کہ ان کا ٹی ایل پی سے تعلق نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے افراد کی وجہ سے خود جیل انتظامیہ بھی اس لئے پریشان ہے کہ کراچی سینٹرل جیل میں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں۔ ذرائع کا کہناہے کہ جیل انتظامیہ کویہ احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں کہ جب تک صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جا ری کردہ لیٹر موصول نہ ہو ، تب تک ایم پی او کے تحت گرفتار افراد میں سے کسی بھی قیدی کی رشتہ داروں وغیرہ سے ملاقات نہ کرائی جائے ، کیونکہ یہ مختلف جرائم کے الزام میں گرفتار ہونے والوں کی طرح نہیں ، بلکہ انہیں نظر بند کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ بھی کہہ چکی ہے کہ گرفتار شدگان میں سے وہ افراد جو ٹی ایل پی سے لاتعلقی کا حلف جمع کرائیں انہیں آزاد کیا جائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سندھ میں گرفتار کے گئے افراد میں سے تین کی حلف نامہ جمع کرنے کے بعدرہائی عمل میں آچکی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبائی محکمہ داخلہ کو اس حوالے سے پہلے ہی اس کی آڑ میں بے گناہ افراد کی گرفتاری پر تحفظات رہے ہیں ، جس کے باعث صوبائی محکمہ داخلہ کے حکام نے سندھ پولیس کی جانب سے سفارش کردہ مزید 25افراد کو ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیاتھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں صوبائی سیکریٹری داخلہ نے آئی جی سندھ پولیس سے رابطہ کرکے انہیں کہاہے کہ ایم پی او کے تحت جتنے بھی افراد گرفتار کئے گئے ہیں ان میں سے جن افراد کاتعلق ٹی ایل پی سے نہیں ہے ، اس کی تصدیق کرکے ایسے افراد کی فہرست ارسال کی جائے ، تاکہ ٹی ایل پی سے لاتعلقی ظاہر کرنے والے افراد کی واضح پہچان ہوسکے ۔

Comments (0)
Add Comment