لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک؍خبرایجنسیاں) منی لانڈرنگ کی روک تھام اورکھوج کیلئے پنجاب حکومت حرکت میں آ گئی۔ صوبے میں کالے دھن کو سفید کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اینٹی منی لانڈرنگ کمیٹی قائم کردی۔5رکنی اعلیٰ سطح اینٹی منی لانڈرنگ کمیٹی کاسربراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب فضیل اصغر کومقرر کیاگیاہے۔جبکہ کمیٹی کے ارکان میں ڈائریکٹر ایف آئی اے وقار عباسی ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر ، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اور کلیکٹر کسٹمز شامل ہیں۔ انسداد منی لانڈرنگ کمیٹی صوبے میں منی لانڈرنگ کیسز کے حوالے سے جانچ پڑتال کریگی اور وفاقی حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی صوبے بھر میں منی لانڈرنگ روکنے کے ساتھ ساتھ منی لانڈرنگ کے ذمہ داروں کا بھی سراغ لگائے گی اور کارروائی کرے گی، کمیٹی اس مقصد کے لئے اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز سے مسلسل رابطے میں رہے گی۔ یہ کمیٹی ملک سے سرمائے کی غیر قانونی اڑان کو روکنے کے لئے کام کرے گی۔ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کر سکیں گے۔ صوبے میں کالے دھن کو سفید کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات ہوں گے۔