منگھوپیر میں مکان کے باہر ملزمان کریکر پھینک کر فرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)منگھوپیر نورانی ہوٹل کے قریب مکان کے باہر ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے، جو زور دار دھماکے سے پھٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ پر تنازعہ چل رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حددو منگھوپیر نورانی ہوٹل کے قریب واقع مکان کے باہر نامعلوم ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے، جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم خوف و ہراس پھیل گیا۔ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان کا کہنا ہے کہ مذکورہ 600 گز پر مشتمل مکان میں حمیدہ نامی خاتون رہائش پذیر ہیں۔پلاٹ پر کچھ دکانیں بھی بنی ہوئی ہیں۔مذکورہ پلاٹ کچھ سال قبل خریدا گیا تھا۔حمیدہ نامی خاتون اور عبدالغفور نامی شخص کے مابین پلاٹ پر جھگڑا چل رہا ہے، جبکہ عبدالغفور کی فیملی بھی عقب میں مقیم ہے ۔انہوں نے کہاکہ پلاٹ پر نامعلوم شخص نے دیسی ساختہ ہلکی نوعیت کا بم پھینکا۔ایسا لگتا ہے کہ ملزمان نے خوف پھیلانے کے لیے ایسا کیا۔

Comments (0)
Add Comment