کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں بیک وقت کئی شاہراہوں پر ترقیاتی کاموں کے باعث ٹریفک جام معمول بن گیا۔شہری ٹریفک جام کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق اہم شاہراہوں پر بیک وقت ترقیاتی کام ہونے سے بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا ہے جبکہ انتظامیہ نے متبادل روٹس بھی نہیں بنائے ۔ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی عام ٹریفک کے لیے بند ہے، گرومندر سے آنے والے ٹریفک کو پیپلز چورنگی کی طرف موڑا جارہا ہے جہاں جیل چورنگی سے آنے والے ٹریفک کے باعث ٹریفک جام رہتا ہے سی طرح ناگن چورنگی سے بورڈ آفس تک گرین لائن کے کام کی وجہ سے ٹریفک شدید متاثر ہے، پاک کالونی سے گارڈن روڈ پر بھی کھدائی کے باعث ٹریفک جام رہتا ہےجبکہ گارڈن کے قریب بھی ٹریفک شدید متاثر ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ شاہراہوں پر بیک وقت ترقیاتی کام شروع کئے جانے کے باعث وہ اذیت کا شکار ہیں ۔