لندن (امت نیوز) یوئیفا نیشنز فٹ بال لیگ سیمی فائنلز ڈراز کا اعلان کر دیا گیا، انگلینڈ کو ہالینڈ اور میزبان پرتگال کو سوئٹزرلینڈ کا چیلنج درپیش ہو گا۔ اعلان کردہ ڈراز کے تحت 5 جون کو پہلے سیمی فائنل میں پرتگال کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہو گا جبکہ 6 جون کو دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ ہالینڈ سے ہو گا۔ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 9 جون کو کھیلا جائے گا جبکہ اسی روز تیسری پوزیشن کا میچ بھی کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ نے کروشیا اور سپین کو گروپ میں پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کر کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، ہالینڈ نے جرمنی کے خلاف آخری میچ ڈرا کھیل کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمایا تھا اور اس کے ساتھ ہی سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، سوئٹزرلینڈ نے بیلجیئم سے گروپ میں ٹاپ پوزیشن چھین کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ پرتگال پولینڈ اور اٹلی کو ہراتے ہوئے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوایا تھا۔