سینئر افسر نے سینٹرل پولیس آفس میں پان-گٹکے پر پابندی کا مطالبہ کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اے آئی جی ایڈمنسٹریشن عدیل حسین چانڈیو نے سینٹرل پولیس آفس میں پان گٹکے اور چھالیے کے استعمال پر پابندی اور گندگی پھیلانے کیخلاف اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے سی پی او آفس میں دفتر رکھنے والے تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، اے آئی جی اور دیگر افسران سے اپنے ا پنے عملے کو صفائی کا خاص خیال رکھنے کےلئے پابند کرنے کی اپیل کی ہے۔ عدیل چانڈیو کی جانب سے لکھےخط میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام افسران اپنے اسٹاف کو پابند کریں کہ وہ کسی جگہ بھی گٹکا پان نہ تھوکیں اور اپنے اپنے دفاتر کے کمروں اور راہداریوں اور اردگرد کا ماحول صاف رکھیں۔ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ سی پی او میں صفائی کا عملہ محدود ہے، جبکہ سی پی او آنے والے سویلین اور یونیفارم والے بعض افسران اور اہلکار بھی جگہ جگہ پان، گٹکا اور چھالیہ تھوکتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ عمارت کی بالکونیوں، راہداریوں اور سیڑھیوں پر گندگی نمایاں ہے، جسکے باعث ماحول خراب نظر آتا ہے اور مشترکہ تعاون و کوششوں سے ہی دفاتر اور اردگرد کا ماحول صاف رکھنا ممکن ہے۔

Comments (0)
Add Comment