میہڑ (نامہ نگار) میہڑ کے گھر میں آتشزدگی سے 2 کمسن بھائی زندہ جل گئے، جبکہ ان کے والدین بری طرح جھلس گئے، جنہیں اسپتال داخل کرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل میہڑ کے کاچھو کے علاقے فرید آباد شہر کے قریب گاؤں فیض محمد چانڈیو میں گھر میں رکھے ہوئے پیٹرول کو اچانک آگ لگ گئی، جس نے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی زد میں آ کر محمد سلیمان چانڈیو اس کی بیوی مسماة امیراں چانڈیو اور اس کے دومعصوم بیٹے بہرام اور برہان چانڈیو بری طرح جھلس گئے، جن کو فرید آباد بی ایچ یو میں طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دونوں زخمی بچے بہرام اور اس کا بھائی برہان چانڈیو دم توڑ گئے۔ دونوں بچوں کی لاشیں گھر لانے پر کہرام مچ گیا، جبکہ زخمی میاں بیوی محمد سلیمان چانڈیو اور مسماة امیراں چانڈیو لاڑکانہ اسپتال میں داخل ہیں اور ان کی بھی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 3 روز قبل گاؤں محمد سلیمان چانڈیو میں بجلی نہ ہونے پر پلاسٹک کی بوتل میں پیٹرول لا کر گھر میں رکھا گیا تھا، جس سے جنریٹر چلایا جاتا تھا، لیکن اچانک چولہے سے آگ پیٹرول کی بوتل کو لگ گئی ، جس سے آگ نے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔