عطاء الحق قاسمی نے مریم اورنگزیب کو جھوٹی قرار دے دیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ میرے معاملے میں نواز شریف کی گردن اس لئےپھنسانا چاہتے تھے کہ میرا تقرر انہوں نے کیا۔مریم اورنگزیب جھوٹی اور کسی سے مخلص نہیں۔ایک بیان میں عطا الحق قاسمی نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر پرویز رشید عظیم آدمی ہیں،سارا ملبہ خود پر لے لیا نواز شریف کو بچا لیا۔انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین پی ٹی وی میرے پاس کوئی انتظامی اختیارات نہیں تھے،پروگرام کے پرومو تک کا خرچہ میرے کھاتے میں ڈالا گیا،استعفے میں بتایا تھا کہ ان لوگوں کی وجہ سے مستعفی ہو رہا ہوں۔ اس وقت مریم اورنگزیب وزیر اطلاعات اور سکھیرا سیکرٹری تھے ۔ دونوں کی بڑی گہری انڈرسٹینڈنگ تھی ۔ان کو تو آگ لگ گئی چنانچہ میرے خلاف کیس بنانے کیلئے پہلے مُدا ڈھونڈا ۔مدا تو خاک ملنا تھا کیس کیا بناتے ۔ مریم اورنگزیب کسی جماعت کے ساتھ مخلص نہیں ہے۔ اس کے کسی اور سے بھی رابطے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرا تقرر 3 برس کیلئے تھا میں نے ایک سال پہلے استعفیٰ دے دیا۔ میاں صاحب سے پہلے بھی محبت تھی آج بھی کل بھی رہے گی۔عطا الحق قاسمی نے یہ بھی کہا کہ مریم اورنگ زیب نے میرے خلاف جھوٹا کیس بنایا،میرے خلاف کچھ نہ ملا تو پروگرام کے بجٹ کا کیس بنا دیا۔ پرومو کی مد میں 6 کروڑ ڈال دئیے ۔ میرے اکاؤنٹ میں کوئی پیسہ نہیں آیا۔ بہر حال کیس بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اتنی بے خبر عورت ہے اسے پتہ ہی نہیں کہ قاسمی کون ہے ؟ نہ وہ کسی صحافی کو جانتی تھی ۔ وہ عورت جھوٹ بہت بولتی تھی۔میرا مؤقف تھا کہ پی ٹی وی آزاد ادارہ ہے ۔ وزارتِ اطلاعات کو اس پر حاوی نہیں ہونا چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ پردہ نشیں اور بھی ہیں جنہوں نے مجھ پر گند اچھالا،میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے ۔ استعفے سے پہلے نواز شریف کو لکھا کہ ٹولے نے رکاوٹ ڈالی۔سابق چیئرمین پی ٹی وی نے کہا کہ فیصلے پر اپیل مسترد ہوئی تو جیل جاؤں گا،رقم کہاں سے لاؤں گا۔اگر میرے پاس ہوتے بھی تو ایک پیسہ نہ دیتا۔ 78 برس کے بوڑھے کو جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے مجھے ذلت دینے کی کوشش کی دنیا مجھے عزت دیتی ہے۔ عطا الحق قاسمی نے مزید کہا کہ مرنے کے بعد بھی میری کتابیں گواہی دیں گی کہ میں کیا تھا۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عطا الحق قاسمی میرے بزرگ ہیں، ان کا بے حد احترام کرتی ہوں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ قاسمی صاحب نے جو کہا ہے وہ ٹھیک ہی کہا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں علم،ادب اور ثقافت کے فروغ میں عطا الحق قاسمی کی بہت خدمات ہیں۔

Comments (0)
Add Comment