سڑک پر پڑا موبائل ٹریفک اہلکار نے شہری کو واپس کر دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس اہلکار نے بلوچ کالونی پل پر شہری کی جیب سے گرنے والا قیمتی موبائل فون مالک کو بلاکر واپس کردیا، شہری نے اہلکار کو 500 روپے نقد انعام بھی دیا۔ بلوچ کالونی پل پر موٹر سائیکل سوار شہری کی جیب سے اچانک قیمتی موبائل فون زمین پر گر گیا اور اس کو علم بھی نہیں ہوا تاہم موقع پر موجود ٹریفک پولیس کے اہلکار نے موبائل فون کو اٹھا کر اپنے پاس رکھ لیا، منزل پر پہنچنے کے بعد جب شہری کو علم ہوا کہ اس کا موبائل فون راستے میں گر گیا ہے تو اس نے اپنے نمبر پر کال کی جو کہ ٹریفک پولیس اہلکار نے اٹھائی اور کہا کہ بلوچ کالونی پل کے نیچے قائم ٹریفک چوکی پر آجاؤ جس کے بعد شہری چوکی پر پہنچا تو اہلکار نے اس کو موبائل فون واپس کردیا جس پر شہری نے خوش ہو کر اہلکار کو 500روپے انعام کے طور پر دیئے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر وڈیو اور واقعہ اپ لوڈ ہونے کے بعد آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہو ئے فوری طور پر ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کو ہدایت کی کہ ایمانداری کی مثال بننے والے اہلکار کو بلا کر شاباش دینے کے ساتھ نقد انعام بھی دیا جائے۔

Comments (0)
Add Comment