نفسیاتی مریض نے کورنگی صنعتی ایریا جام کرادیا-بجلی ٹریفک معطل

کراچی (رپورٹ: خالد زمان تنولی) کورنگی صنعتی ایریا سنگر چورنگی کے قریب نفسیاتی مریض نے بجلی کی ہائی ٹینشن لائن پر چڑھ کر علاقہ جام کردیا، سیکڑوں افراد جمع ہونے اور گاڑیاں پھنسنے کے نتیجے میں کئی گھنٹے ٹریفک جام رہا ، جبکہ علاقے میں بجلی بھی معطل رہی۔ تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی تھانے کی حدود سنگر چورنگی پر نصب بجلی کے ہائی ٹینشن لائن ے پول پر بدھ کی صبح ساڑھے 11 بجے ایک نوجوان چڑھا اور چلانا شروع کردیا کہ میں خودکشی کرنے جارہا ہوں۔ اس موقع پر سیکڑوں افراد جمع ہونے اور گاڑیاں رکنے سے سنگر چورنگی سے لیکر مرتضیٰ چورنگی اور ویٹا چورنگی تک بدترین ٹریفک جام ہوگیا، جس کی وجہ سے صنعتی ایریا کی ذیلی سڑکوں پر بھی ٹریفک جام رہا ۔اس موقع پر لوگوں نے 15 مدد گار پر اطلاع دی، پولیس نے آکر فائر بریگیڈ عملے اور اسنارکل طلب کی۔ اس دوران شناخت ہونے پر ریتہ پلاٹ شاہ فیصل کالونی نمبر 2 کے رہائشی شاکر ولد عبدالستار کے گھر والوں کو بلوایا گیا اور اس کی بہن شمیم نے اسنارکل پر جاکر اس کو اتارنے کی کوشش کی، تاہم وہ نہ مانا، 5 گھنٹے کے دوران وہ مختلف مطالبات کرتا رہا کہ شادی کرادو، محبت میں ناکام ہوا ہوں، روزگار خراب ہورہا ہے، فیکٹری والے تنگ کررہے ہیں، اسلئے خودکشی کرنے آیا ہوں۔ اس کے کودنے کے ممکنہ ارادے پر نیچے میٹرس بچھا کر بجلی بند کردی گئی تھی، تاہم 5 گھنٹے کی کوششوں کے بعد اسے اتار لیا گیا۔ ڈی ایس پی خالد کا کہنا ہے کہ ملزم ڈپریشن کا شکار اور گھر والوں سے بے زار ہے، اس کیخلاف ارادہ خود کشی کا مقدمہ نمبر448/18 زیر دفعہ 325/511 درج کرلیا گیا ہے اور اسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment