سندھ حکومت- میئر ضلع غربی کے مسائل کے ذمہ دار ہیں- پی ٹی آئی ارکان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے سندھ حکومت، میئر کراچی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ تجاوزات آپریشن کی آڑ میں شہریوں کو بیروزگار کیا جارہا ہے۔ پورے شہر کا کچرا ضلع غربی میں ڈمپ کیا جارہا ہے۔ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی عطااللہ ایڈووکیٹ، آفتاب جہانگیر، آفتاب خان، ملک شاہد اور شاہ نواز جدون نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سعید غنی، وزیر تعلیم سردار شاہ، میئر کراچی وسیم اختر اور بلدیہ غربی کراچی کے چیئرمین اظہار احمد ضلع غربی کے مکینوں کے مسائل کے ذمہ دار ہیں۔ انہیں شہریوں کے مسائل سے کوئی دلچسپی ہے اگر ضلع غربی کے مکینوں کو صاف پانی فراہم نہ کیا گیا اور صحت و صفائی میں بہتری نہ لائی گئی تو عوام کے ساتھ وزیراعلیٰ ہائوس کا گھیراؤ کریں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ ضلع غربی کے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈ میں خوردبرد کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ میئر کراچی وسیم اختر شہریوں کے مسائل حل کرانے کے بجائے انہیں تجاوزات آپریشن کے ذریعے بیروزگار اور بے گھر کررہے ہیں۔ عدالتی احکامات کی آڑ میں شہریوں کیخلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رفاعی پلاٹوں، پارکوں پر قابض مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے۔

Comments (0)
Add Comment