کراچی (اسٹاف رپورٹر) میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے تحت نویں بارا کوڈا بحری مشقوں کے دوسرے روز کھلے سمندر میں تیل رساؤ و دیگر حادثات سے نمٹنے کیلئے عملی مظاہرہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے بھی مشقیں دیکھیں۔پاک بحریہ کے اے ٹی آر اور دفاعی طیاروں نے پروازیں کیں جبکہ سی کنگ ہیلی کاپٹر نے ڈوبتے افراد کو ریسکیو کرکے جان بچا نے کا مظاہرہ کیا ۔ میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ایک درجن جہازوں اور ہیلی کاپٹروں نے فلائی پاسٹ کیا۔اس موقع پر ڈی جی ایم ایس اے ریئر ایڈمرل ذکاء الرحمن نے کہا کہ مشقوں کا مقصد بحری دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنا ہے۔مشقوں میں چین، یو اے ای ، اومان، جاپان اور ترکی سمیت10 ملکوں کے 20 مبصرین شریک ہیں۔ترجمان کے مطابق مشقوں کا آج(جمعرات ) آخری دن ہے جس میں پاک بحریہ ۔ کے پی ٹی ۔ پی ۔کیو۔اے ۔ پاکستان کوسٹ گارڈ ۔ پاکستان نیشنل ریفائنری و دیگر متعلقہ ادارے بھی شریک ہیں۔