اسلام آباد(نمائندہ امت)افغانستان میں قیام امن کے لئے پاک امریکہ مشاورتی عمل تیز ہو گیا،امریکہ کی کوشش ہے کہ طالبان کو امن فارمولے پر آمادہ کرنے کے لئے پاکستان کو کردار ادا کرنے پر آمادہ کیا جائے،پاکستان نے امریکہ پر واضح کردیا ہےکہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں،سیاسی حل پر ہی آنا ہوگا،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔ انہوں نے عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکی قیادت افغان مسئلے کے پرامن حل کے لیے پاکستان سے باہمی تعاون بڑھانا چاہتی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور مصالحت کیلئے سیاسی حل کا حامی ہے۔امریکی صدر کی پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کو سراہتے ہیں، پاکستان اور امریکا کو مستقل بنیادوں پر مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنا چاہیے۔