اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر ایک اور مقدمہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مشیر احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال کا نیا کیس نیب کو بھجوا دیا، اُن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بھی بن رہا ہے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے معاون خصوصی افتخار درانی کے ہمراہ نیوزکانفرنس میں بتایا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا ایک نیا کیس بنانے کیلئے ثبوت نیب کو بھجوا دیے، لندن میں نواز شریف کی اہلیہ کے نام فلیٹ ظاہر نہ کرنے پر بھی نیب کیس بنا رہا ہے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ خواجہ آصف کے خلاف بھی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزام پر نیب تحقیقات کر رہا ہے، اس معاملے میں ان کے محکمے کی مدد کی ضرورت ہوئی تو کریں گے۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کے مطابق حکومت نے غربت کے خاتمے کے لیے ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم کے مشیر احتساب شہزاد اکبر اور معاون خصوصی افتخار درانی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔افتخار درانی نے بتایا کہ وزیر اعظم کے 100 روزہ پلان کے تحت غربت کے خاتمے کا ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا سربراہ ڈاکٹر اشفاق حسن کو لگانے فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ وفاق اور صوبوں کی سطح پر رابطے کرے گا اور پالیسی بنائے گا، مختلف وزارتوں کے حکام اس ادارے کے ممبر ہوں گے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب میں غربت کے خاتمے کے لیے منصوبہ لانے کا اعلان کیا تھا۔