کراچی (اسٹاف رپورٹر ) الفلاح انویسٹی گیشن پولیس نے 3 روز قبل گھر سے ملنے والی لاش کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل میں ملوث مقتول کی اہلیہ اور تین بچوں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق الفلاح کے علاقے رفاع عام سوسائٹی ناصرہ اسکول کے قریب واقع مکان سے تین روز قبل گھر سے 40سالہ عبدالستار کی لاش ملی تھی، جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا تھا جہاں لاش کے معائنے کے دوران جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے تھے۔ جس پر پولیس کو شک گزرا اور پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی، ابتدا میں پولیس کو بتایا گیا تھا کہ حادثے کے باعث اس کا انتقال ہوا ہے۔ ایس ایچ او ندیم بیگ نے بتایا کہ واقعہ تین دسمبر کے روز پیش آیا تھا جب گھریلو جھگڑے کے دوران 40سالہ عبدالستار کو اس کی بیوی حمیدہ نے تین بچوں کے ساتھ مل کر تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ انہیں پہلے روز ہی سے عبدالستار کے قتل کا شبہ تھا، تاہم پولیس نے مقتول کی بیوی حمیدہ کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا تو اس نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے شوہر کو 17سالہ بیٹی، 15سالہ اور 10سالہ بیٹوں کے ساتھ مل کر قتل کیا ہے، تاہم پولیس نے مقتول کے گھر سے قتل میں استعمال ہونے والا بیلن اور بلا بھی برآمد کرکے چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے۔