کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف)متحدہ قبضے کی نشاندہی کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹرلینڈ بلدیہ ٹاؤن نے یوسی 33 کے وائس چیئرمین کے خلاف کارسرکار میں مداخلت کے تحت مقدمہ درج کروادیا۔ گزشتہ 4روز سے ضلع غربی میں انسداد تجاوزات کا آپریشن جاری ہے۔انسداد تجاوزات عملہ بلدیہ 24مارکیٹ،سیکٹر 8اور سیکٹر 9کی ملحقہ گلیوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کررہا ہے۔روزنامہ امت میں بھی بلدیہ ٹاؤن آپریشن کے حوالے سے خبریں شائع کی گئی تھیں کہ چلڈرن پارک اور دیگر مقامات پر متحدہ کے دہشت گردوں نے قبضہ کرکے شادی ہالز اور مکانات تعمیر کروادیں ہیں۔مذکورہ اراضی سرکاری ہے ،جس پر متحدہ دہشت گردوں نے قبضہ کرکے تعمیرات کروارکھی ہیں۔ تاہم گزشتہ دنوں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بلدیہ کی 24نمبر مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا ۔مذکورہ آپریشن دکانوں کے سائن بورڈ اور حدود سے باہر چبوتروں کے خلاف کیا گیا ۔بلدیہ 24مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری تھا کہ اسی دوران یوسی 33کے وائس چیئرمین طارق خان نے نشاندہی کی کہ جو فٹ پاتھ مسمار کی جارہی ہے وہ 3فٹ کی فٹ پاتھ ہے ،جس کو مسمار کرنا درست نہیں ہے ۔انہوں نے عملے سے درخواست کی کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق پارک اور کھیلوں کے میدانوں سے قبضہ و اگزار کروایا جائے ،تاہم انسداد تجاوزات عملے نے یوسی چیئرمین کو کہا کہ آپ ہمیں نہیں بتائیں ،آپریشن ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ سائیں داد کی نگرانی میں کیا جارہا ہے ان سے شکایت کریں۔امت کو یوسی 33کے وائس چیئرمین طارق خان نے بتایا کہ میں نے سائیں داد کو نشاندہی کی کہ بلدیہ 24مارکیٹ کے اطراف میں پارک کی اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے ،اسی طرح دیگر کھیلوں کے میدانوں سمیت سرکاری ڈسپنسری پر بھی قبضہ کرکے گھر تعمیر کردیئے گئے ہیں ،لہذا آپریشن اس مقام پر کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ سائیں داد نے میری بات سننے کے بعد کہا کہ ہم آپریشن درست کررہے ہیں ، ہمارے کام میں مداخلت نہ کریں ،جس پر میں نے کہا کہ 24مارکیٹ آپریشن کے بعد قبضہ کی گئی اراضی پر آپریشن کا رخ کریں۔انہوں نے کہا کہ بات چیت کا سلسلہ جاری تھا کہ سائیں داد وہاں سے چلے گئے اور کچھ دیر بعد مجھے اطلاع ملی کے سعید آباد تھانے میں میرے کیخلاف کارسرکار میں مداخلت کی ایف آئی آر کٹی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن میں تجاوزات آپریشن کے نام پر غریبوں کی دکانیں مسمار کی جارہی ہیں اور متحدہ کے دور میں کئے جانے والے قبضے کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن نمائشی آپریشن کے خلاف بہت جلد اعلیٰ حکام کو درخواست لکھوں گا۔