کراچی (اسٹاف رپورٹر) بینکنگ کورٹ نے اومنی گروپ کی شوگر ملز کی جانب سے اربوں روپے کی چینی غائب کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ دیکھنا ہوگا سپریم کورٹ رقم کی واپسی سے متعلق کیا فیصلہ کرتی ہے۔جمعرات کے روز سماعت کے موقع پر نمر مجید، علی کمال مجید، مصطفی ذوالقرنین مجید ،منہال مجید و دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ اس موقع پر جیل حکام کی جانب سے عبدالغنی مجید کو بھی پیش کیا گیا۔عبدالغنی مجید کو گزشتہ رات اڈیالہ جیل سے کراچی لایا گیا تھا اور انہیں ملیر جیل میں رکھا گیا تھا ۔سماعت کے دوران انور مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے والے ڈاکٹر طاہر صغیر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ صفورہ کیس میں ملزمان سلطان قمر صدیقی اور ساجد نعیم کی بریت کی درخواست پر پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کردیئے ، عدالت نے ایک بار پھر ملزم سلطان قمر کے بھائی حسین عمر صدیقی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے پول پر چڑھ کر خودکشی کی کوشش کرنے والے شہری شاکر کو 5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی ۔