اسلام آباد ( نمائندہ امت) وزیراعظم نے وزیر خزانہ اسد عمر اور ان کی معاشی ٹیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اورکا بینہ کے ا جلاس میں خصوصی طور پر حکو متی معاشی ٹیم کی تعریف کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے ترجمان اور مشیر خاص نعیم الحق کی جانب سے وزیر خزانہ اسد عمر کی تبدیلی کی خبروں سے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔نعیم الحق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اسد عمر کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا ہے وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور ان کی معاشی ٹیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر اور ان کی معاشی ٹیم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں معاشی ٹیم نے پرفارم کیا جس کا انہیں اسپیشل کریڈٹ دینا چاہتا ہوں۔وزارتِ تجارت، خزانہ اور منصوبہ بندی نے برے حالات میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔