کراچی میں تجاوزات کیخلاف متبادل طریقہ کار لانے کی ہدایت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کردی ،تاہم وزارت قانون سے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی متبادل طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ غریبوں کا نقصان نہ ہو۔اس حوالے سے وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔گزشتہ روز وزیراعظم کےزیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں20 نکاتی ایجنڈے سمیت معاشی صورتحال پرغورکرتے ہوئے لیدر، طبی آلات سمیت 6اہم صنعتوں کو بلاتعطل گیس فراہمی کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر تے ہوئے گلگت بلتستان اصلاحاتی پیکج اور عبوری صوبہ بنانے پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ، جب کہ صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسانوں پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ تجاوزات مہم کے خلاف منفی تاثر پھیلایا جا رہا ہے، کراچی میں انکروچمنٹ آپریشن سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہا ہے،وفاقی حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں۔ متاثر چھوٹے کاروبار والوں کی مدد کریں گے، گلیات میں بھی بڑے لوگوں سے زمینیں واپس لی گئیں، کوشش ہے ریاستِ مدینہ کے گورننس آرڈر کو فالو کریں۔ان کا کہنا تھا کہ غریبوں کے گھر یا کاروبار خراب نہیں ہونے دیں گے، غریب، ریٹائرڈ افراد کو تحفظ دیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment