چابہار میں پولیس ہیڈ کوارٹرز پر کار بم دھماکے سے 4 ہلاک – 42 اخمی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک/ امت نیوز)ایران کے جنوبی ساحلی شہر چابہارمیں پولیس ہیڈ کوارٹرز پرخود کش کار بم دھماکے سے اہلکاروں سمیت 4 افراد ہلاک اور42 زخمی ہو گئے۔دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کوبھی نقصان پہنچا۔زخمیوں میں متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔سیستان میں سرگرم انصار الفرقان نامی تنظیم نے کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ۔ پاکستان نے دہشت گردی کے اس واقعےکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیر کو ایک خود کش حملہ آور نے چابہار میں پولیس ہیڈ کوارٹرز کے سامنے بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑا دی۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق گاڑی جب پولیس ہیڈ کوارٹرز کے سامنے پہنچی تو مشکوک جان
کر سیکورٹی اہلکاروں نے اسے گھیر لیا اورفائرنگ کی۔ اس دوران ڈرائیور نے دھماکہ کردیا۔ اس کے نتیجے میں4 اہلکارموقع پر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔عینی شاہدین کےمطابق دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اورقریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حملے میں42 9
افراد زخمی ہوئے ،جن میں خواتین، بچے اور دکاندار بھی شامل ہیں۔ بیشتر زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ،جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔دھماکے کے بعدشدید فائرنگ بھی کی گئی ،جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زاہدان کی میڈیکل سائنسز یونیورسٹی کے سربراہ محمد مہران کے مطابق حملے میں 10 پولیس اہلکار زخمی ہو ئے۔امدادی اداروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا ،جبکہ واقعے کے بعد ایرانی سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا محاصرہ کرکے مشتبہ افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا۔ العربیہ ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ مرنیوالوں میں پولیس سربراہ بھی شامل ہے ،لیکن اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ۔صوبہ سیستان میں سرگرم تنظیم انصار الفرقان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ایرانی حکومت نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ چا بہار کے گورنر جنرل راحمدل بمری نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردوں نے بارودی کار سے پولیس ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔صوبائی سیکورٹی کے ڈپٹی آفیسر محمد هادی مرعشی کے مطابق دھماکے کے سہولت کاروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ چابہار بندرگاہ کچھ عرصہ پہلے بھارت کی مدد سے تعمیر کی گئی۔ یہ ایک فری اکنامک زون ہے۔دوسری جانب پاکستان نے ایران میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعرات کے روز بیان میں چابہار میں خودکش حملے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے سمجھتا ہے کہ اس لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے فیصلہ کن اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔

Comments (0)
Add Comment