اسلام آباد(امت نیوز)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) اور پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ میڈیا کے 8ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کی جائیں۔اے پی این ایس اور پی بی اے نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا تھا کہ میڈیا انڈسٹری کے آدھے سے زائد واجبات کی ادائیگی میڈیا ہاؤسز کو کر دی گئی ہے لیکن اس کے باوجود اس رقم کو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔فواد چوہدری نے کہا تھا کہ میڈیا کے ایک ارب 30کروڑ روپے کے واجبات میں سے 60کروڑ روپے میڈیا ہاؤسز کو جاری کر دیئے گئے ہیں۔اے پی این ایس اور پی بی اے کی جانب سے وزیر اطلاعات کے بیان کو جھوٹ اور میڈیا صنعت میں تنازعات کا باعث قرار دیا گیا۔