بھارتی عدالت نے بابری مسجد پر متنازع فلم رُکوا دی

لاہور(نمائندہ امت)بھارت میں ممبئی ہائی کورٹ نے بابری مسجد کی شہادت اور رام مندر کی تعمیر کے حوالہ سے تیار کی گئی متنازع فلم کو روک دیا ۔ عدالت نےحکم دیا ہے کہ اس فلم کے ٹریلر کو بھی یو ٹیوب سے ہٹا دیا جائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ پر بھارتی مسلمانوں نے خوشی کا اظہار کیا ۔ اس سلسلہ میںدرخواست گزار حسنین قاضی نے کہا کہ یہ بہت اچھا فیصلہ ہے اور ہم نے اس متنازع فلم پر پابندی کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ ممبئی ہائی کورٹ نے ہماری آواز سنی اور اس فلم پر روک لگائی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایڈووکیٹ حسنین نے بتایا کہ عدالت نے اس فلم کے پوسٹرز بھی لگانے کی اجازت نہیں دی۔ یاد رہے کہ فلم رام جنم بھومی میں رام مندر کے مسئلے کو اچھالا گیا ہے۔ مسلمانوں کے مذہبی معاملہ طلاق ثلاثہ اور حلالہ کو بھی غلط انداز سے فلمایا گیا ہے۔ رضا اکیڈمی ممبئی نے بھی اس فلم کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے۔

Comments (0)
Add Comment