نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حماس کے خلاف امریکی قرارداد مسترد کردی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں حماس کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی۔ قرارداد کے حق میں 87، مخالفت میں 57جب کہ 33ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے قوانین کے تحت قرارداد کی منظوری کے لیے درکار 2تہائی اکثریت حاصل نہیں ہوسکی جس کے باعث قرارداد کو مسترد کردیا گیا۔ اس قرار داد کی منظوری کے لیے اسرائیل نے لابنگ کی تھی۔امریکا نے بھی اسرائیل کے ہمراہ قرارداد کی منظوری کے لیے زبردست لابنگ کی تھی اور نکی ہیلی نے اراکین کو قرارداد کے حق میں ووٹ دینے کے لیے اراکین کو خط لکھے تھے جس میں قرارداد کی نامنظوری پر دھمکی بھی دی گئی تھی۔قرار داد اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے پیش کی تھی، نکی ہیلی اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہی ہیں اور یہ قرارداد اقوام متحدہ میں نکی ہیلی کی آخری کارروائی تھی۔ادھر امریکی قرارداد مسترد ہونے پر حماس نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور امریکی و اسرائیلی عزائم کی سخت الفاظ مذمت کی۔