سانگھڑ (نمائندہ امت) غذائی قلت کے حوالے سے پوری دنیا میں پاکستان تیسرے نمبر اور سارک ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔ سندھ میں 48 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہو کر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سندھ حکومت نے مختلف محکموں کی شراکت داری سے سانگھڑ سمیت 9اضلاع غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے صحت مند سندھ کے نام سے میگا پروجیکٹ شروع کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کی آفس میں سندھ حکومت کے پلاننگ و ڈیولپمنٹ بورڈ کی جانب سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار میں ماہرین نے کیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اس سنگین صورتحال پر کنٹرول کرنے کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے ملک میں پہلی بار صحت مند سندھ کے نام سے میگا پروجیکٹ شروع کیا ہے۔ جس کے تحت آئندہ 4سال میں سندھ کے بچوں میں غذائی قلت والی 48فیصد شرح کو کم کر کے 30فیصد تک لایا جائے گا۔