کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملیر کینٹ پولیس نے 7 ماہ کی حاملہ خاتون کے قتل میں ملوث متوفیہ کے شوہر اور سسر کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق مقتولہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ان کی بیٹی کوگھریلو ناچاقی پر آگ لگاکر قتل کیا ہے، پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ تھانے کی حدود راشدی گوٹھ کچی آبادی میں 20نومبر کو گھر میں جھلس کر زخمی ہونے والی 26سالہ نبیلہ زوجہ فیصل جمال کو تشویشناک حالت میں برنس وارڈ لے جایا گیا تھا، جہاں 5دسمبر کو اس نے دوران علاج دم توڑ دیا تھا۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق مقتولہ کی ماں کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو اس کے شوہر فیصل جمال اور سسر لال جمال نے گھریلو جھگڑے کے دوران آگ لگا کر مارا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق مقتولہ7 ماہ کی حاملہ تھی۔