اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا گیس پائپ لائن منصوبے (تاپی) پر کام آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں شروع ہو کر اگلے ڈھائی سال میں مکمل ہو جائے گا۔یہ بات اسلام آباد میں جمعہ کو منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شامل مقررین نے کہی جس کا اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف ا سٹریٹجک اسٹڈیز نے کیا تھا۔تاپی پائپ لائن کمپنی کے ترکمانستان سے تعلق رکھنے والے سربراہ محمد مراد امانوف نے کہا کہ اس منصوبے کی حفاظت کے لیے افغانستان اور پاکستان نے مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔ یاد رہے کہ چند سال قبل طالبان بھی اس منصوبے کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔ترکمانستان سے بھارتی صوبے پنجاب تک جانے والی اس پائپ لائن کو امن کی پائپ لائن کہا جا رہا ہے جو ان چاروں ملکوں کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ 18سو کلو میٹر سے زیادہ طویل پائپ لائن کے ذریعہ 33ارب مکعب میٹر سالانہ فراہم کی جائے گی۔اس منصوبے پر تعمیراتی کام اگلے برس کی پہلی سہ ماہی میں شروع ہو جائے گا اور دو سال کے عرصے میں یہ پائپ لائن پاکستان کی سرحد تک پہنچ جائے گی۔