کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیو سبزی منڈی کے تاجر محمد علی خواجہ نے سندھ ہائی کورٹ میں نیو سبزی منڈی سے تجاوزات ختم کرنے سے متعلق درخواست دائر کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کسی تاجر کا نقصان نہیں چاہتا۔میری درخواست سے منسوب خبریں غلط ہیں۔ انہوں نے 6دسمبر کو ایک اخبار(امت نہیں) میں شائع خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے سندھ ہائی کورٹ میں منڈی سے تجاوزات ہٹانے کے خلاف کوئی درخواست دائر نہیں کی تھی، بلکہ ہائی کورٹ میں اپنی دکان نمبر 63،64،65اور66بلاک سی 12پر قائم تجاوزات ختم کرنے کی درخواست کی تھی، جو میرے پڑوسی محمود صدر الدین اور نظام صدر الدین کے خلاف تھی، لیکن چند مخالفین نے میرے نام سے غلط خبر شائع کرادی۔انہوں نے کہا کہ غلط خبر سے میرا کوئی تعلق نہیں۔میں کسی تاجر کا نقصان نہیں چاہتا۔میری دکانوں پر تجاوزات کے علاوہ میرا کسی سے اختلاف ہے اور نہ ہی واسطہ ہے ۔