کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایک طرف رہائشی علاقوں میں انہدامی کارروائیاں نہ کرنے کے اعلانات کئے جارہے ہیں۔ دوسری جانب انتظامیہ نے لیبر اسکوائر کے مکینوں کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کالونی کی گلیوں اور راستوں سمیت اپنے گھروں، فلیٹوں کی حدود سے باہر بنائی گئی تعمیرات اور دکانوں کے سامنے قائم تعمیرات کو فوری طور پر گرا دیں، بصورت دیگر کارروائی کرکے اسے مسمار کردیا جائے گا۔ اس حوالے سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ لیبر اسکوائر میں درجنوں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات قائم ہونے کی اطلاعات ہیں، لہٰذا کالونی کے رہائشیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 7 یوم کے اندر اپنے گھروں، فلیٹوں اور دکانوں سے تجاوز کرکے بنائی گئی تعمیرات گرادیں ورنہ کارروائی کی جائے گی۔ نوٹس ملنے کے بعد علاقے کے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رہائشی علاقوں میں انہدامی کارروائیاں نہ کرنے کے اپنے وعدے پر عمل کرے۔لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔