کراچی ( رپورٹ / صفدر بٹ ) سرما کی تعطیلات سے قبل ہی سیاحت اورعزیزوں سے ملنے اندرون ملک جانے والے مسافروں کو 30 دسمبر تک تمام مسافر ٹرینوں میں جگہ ختم ہونے سے مایوسی کا سامنا ہے ،جبکہ محکمہ ریلوے نے سرما سیزن سے فائدہ اٹھانے اور مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود ٹرینوں میں اضافی انتظامات کر نے میں ناکام ہے ،جس کے باعث بکنگ کیلئے آنے والے سیکڑوں شہریوں کو مایوس لوٹنا پڑ رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سرما کی تعطیلات سے قبل ہی اندرون ملک جانے والی تمام مسافر ٹرینوں کی ٹکٹیں پیشگی فروخت ہو چکی ہیں ۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی تعطیلات گرما کی ہوں یا سرما کی ،اندرون ملک جانے والے مسافر وں کی شرح میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔ سرما کی تعطیلات عزیز و اقارب کے ساتھ منانے اور سیر و تفریح کیلئے لاہور ، اسلام آباد ،مری ، ایبٹ آباد سمیت شمالی علاقوں میں جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد نے پیشگی بکنگ کرا لی ہے ،جس کی وجہ سے تمام ٹرینوںمیں جگہ نہیں ہے ،جبکہ 25 دسمبر کو کرسمس ہے اور روزگار کے سلسلے میں کراچی میں مقیم مسیحی برادری بڑی تعداد بھی آبائی علاقوں کو جاتی ہے ،جس کی وجہ سے ان ایام میں تمام مسافر ٹرینوں میں رش عام دنوں کی نسبت کئی گنا بڑھ جاتا ہے ۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ کراچی سے جانے والی قراقرم ، کراچی ایکسپریس ، نائٹ کوچ ، شالیمار ، پاک بزنس ایکسپریس سمیت دیگر مسافر ٹرینوں میں30 دسمبر تک اکانومی کلاس ، اے سی اسٹینڈرڈ کلاس اور اے سی بزنس کلاس کی 95 فیصد سے زائد ٹکٹس فروخت ( ایڈوانس بکنگ ) ہو چکی ہیں ،جبکہ کراچی سے سیالکوٹ ، گجرات ، جہلم ، راولپنڈی ، فیصل آباد ،اٹک ، پشاور سمیت دیگر شہروں کو جانے والی تیزگام۔خیبر میل ، عوام، پاکستان اور ملت ایکسپریس سمیت دیگر مسافر ٹرینوں میں 30 دسمبر سے پہلے کی بیشتر ٹکٹکس پیشگی فروخت ہو چکی ہیں اور محدود تعداد میں ٹکٹ دستیاب ہیں ۔ اندرون ملک جانے والی مسافر ٹرینوں کیلئے شہریوں نے 16 نومبر کے بعد سے ہی آئندہ تاریخوں کیلئے ٹکٹس کی ایڈوانس بکنگ کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا تھا اور 30 نومبر تک بزنس ، قراقرم ، کراچی، سکھر ، تیزگام ، علامہ اقبال ایکسپریس سمیت ٹرینوں کی 45 فیصد سے زائد ٹکٹس کی ایڈوانس بکنگ مکمل ہو گئی تھی ۔ مسافروں کے رش میں اضافہ ہونے کے باوجود محکمہ ریلوے نے سرما سیزن سے استفادہ کیلئے کوئی پیشگی منصوبہ بندی نہیں کی اور کوئی اضافی یا اسپیشل ٹرین چلانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا ،نہ ہی ٹرینوں میں اضافی بوگیاں لگائی جا رہی ہیں ،جس کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد نجی ٹرانسپورٹ کےذریعے سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔ اس حوالے سے ڈی سی او کراچی اسحٰق بلوچ نے ’’امت ‘‘کو بتایا کہ ٹرینوں میں اضافی بوگیاں لگانے کا فیصلہ ریلوے ہیڈ کوارٹر کرتا ہے اور اس کی اجازت کیلئے لیٹر ارسال کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرما تعطیلات 22 دسمبر سے شروع ہو رہی ہیں اور اجازت ملنے پر ٹرینوں میں اضافی بوگیاں لگائی جائیں گی ،تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔