نئی جے آئی ٹی کے نوٹیفیکیشن کیلئے عوامی تحریک پہنچ گئی

لاہور (ا ین این آئی) پاکستان عوامی تحریک نے نئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل سے متعلق نوٹیفیکیشن کے حصول کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ۔جبکہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نےسانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت مستغیث جواد حامد کی درخواست پر آئندہ جمعہ تک ملتوی کر دی۔تفصیلات کے مطابق درخواست عوامی تحریک کے جواد حامد نے ایڈوکیٹ اظہر صدیق کے توسط سے دائر کی جس میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے رضا مندی ظاہر کی ہے ۔معزز عدالت سے استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پنجاب حکومت کو نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا حکم دے اور نئی جے آئی فوری طور پر بنا کر نوٹیفیکیشن عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر2کےجج اعجاز حسن اعوان کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔مستغیث جواد حامد نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب بار کونسل کی ہڑتال کی وجہ سے ان کے وکلاء عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے جبکہ سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نئی جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے رکھا ہے اس لئے استدعا ہے کہ عدالت استغاثہ کیس پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ جمعہ 14 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ استغاثہ کیس میں مزید گواہوں کے بیانات آئندہ سماعت پر قلمبند کئے جائیں گے۔ ہفتے کو بھی ڈی آئی جی رانا عبدالجبار،کیپٹن ر عثمان، عمر ورک سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ پولیس کی مدعیت میں دائر مقدمہ میں 80سے زائد گواہان کے بیان قلمبند ہو چکے ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔

Comments (0)
Add Comment