کراچی (پ ر) امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے کہا ہے کہ نظریاتی ریاست ہونے کے باوجود پاکستان عملا اسلامی ریاست نہ بن سکا۔ دشمن ملک ہمیں سیکولر ہونے کی دعوت اس لئے دے رہا ہے کہ ہم پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں اور ترجمان فوج کا بھارتی آرمی چیف کو یہ جواب قابل تحسین ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور سیکولر ازم کا دعویدار بھارت خوداقلیتوں پر ظلم اور ان کی عبادت گاہیں مسمار کرکے سیکولرازم کی مٹی پلید کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ریاست مدینہ کی طرز پر بن جائے تو دشمن کو ہمیں سیکولر ملک بننے کی دعوت دینے کی جرأت نہ ہو۔