برازیلیہ (امت نیوز) برازیل میں بینک اے ٹی ایم لوٹنے کی وارداتوں کے دوران پولیس فائرنگ کے نتیجے میں 8 ڈاکو اور 6 شہری ہلاک ہوگئے۔ واقعات اس وقت پیش آئے، جب شمال مشرقی برازیل میں ایک قصبے کی شاہراہ پر ڈاکوؤں کے 2 گروپ بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں دھماکے سے اڑا کر لوٹنے میں مصروف تھے، کہ پولیس وہاں پہنچ گئی، جسے دیکھ کر مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے لگے۔ اس دوران ڈاکوؤں نے ایک گاڑی میں سوار خاندان کو یرغمال بنالیا، تاہم پولیس نے تعاقب جاری رکھا، اس موقع پر دونوں طرف سے شدید فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں 8 ڈاکو اور 6 یرغمال مارے گئے، جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں، مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔