سکھر (نمائندہ امت) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آسیہ کی رہائی یہودی ایجنڈے کی تکمیل کا حصہ ہے۔ ملک میں معاشی بحران گہری سازش ہے۔ اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ مجلس عمل کے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو یہودی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اقتدار میں لایا گیا ہے۔ آسیہ مسیح کی رہائی اس کا حصہ اور اب ناموس رسالت و ختم نبوت کا قانون اگلے اہداف ہیں۔ ملک میں معاشی بحران گہری سازش ہے۔ ہم پورے جذبہ حریت اور جذبہ ایمانی کے ساتھ مقابلہ کر کے اسلام دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو مٹی میں ملا دیں گے۔ 23 دسمبر کو مظفر گڑھ میں تاریخی ملین مارچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے مرکزی رہنماؤں مولانا عبدالقیوم ہالیجوی مولانا امجد خان ، مولانا عبدالحق مہر اور دیگر سے گفتگو کے دوران کیا۔ سکھر میں جے یو آئی کے صوبائی ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے نیا پاکستان اور مدینہ کی ریاست کی بات دھوکہ تھی۔ قائد اعظم کے پاکستان کو یہودیوں کا پاکستان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ توہین رسالت کے مرتکب اور سزا یافتہ ملعونہ آسیہ مسیح کی رہائی یہودی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ اب خفیہ طریقے سے ناموس رسالت اور ختم نبوت کے قانون کے خلاف سازش ہو رہی ہے، جسے کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لبیک قیادت کے خلاف بغاوت کے مقدمات ناموس رسالت کی تحریک اور آواز کو دبانے کی کوشش ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں اور لبیک والوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں ہم بغاوت کے مقدمات سے ڈرنے والے نہیں ہیں، اس مسئلہ پر پوری امت ایک ہے، جلد لبیک قیادت سے رابطہ کریں گے۔