لاہور/ نئی دہلی(امت نیوز)کرکٹ اور ہاکی کے کھلاڑیوں کی لاپروائیاں شکست کاسبب بن گئیں۔چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ سے شکست کا ذمہ دار صرف کپتان نہیں بلکہ تمام کھلاڑٰی ہیں جبکہ بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں قومی ہاکی ٹیم مشکلات کا شکارہے۔ جرمنی سے میچ ہارنے اور ملائیشیا سے برابر رہنے کے بعد ہالینڈ سے مقابلہ بہت اہمیت کا حامل ہے، کامیابی کی صورت میں ہی اگلے مرحلے میں رسائی پانے کے امکانات ہوں گے۔کپتان رضوان سینئر ان فٹ ہونے کی وجہ سے باہر ہو چکے ہیں۔ ان کی جگہ ارسلان قادر کھیلیں گے۔ نائب کپتان عماد شکیل بٹ پرملائیشیا کے کھلاڑی کو زخمی کرنے کی کوشش پر پابندی لگا دی گئی تھی تاہم اب واپس لے لی گئی ہے ۔ اسسٹنٹ کوچ دانش کلیم پر بھارتی حکام نے سیکورٹی حصار توڑنے اورایکریڈیشن کارڈ کے بغیر اسٹیڈیم کے اطراف گھومنے کا الزام لگایا تھا تاہم وہ کارروائی سے بچ گئے ہیں۔لاہور میں میڈٰیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تینوں ٹیسٹ جیت سکتے تھے لیکن اپنی غلطیوں سے ہارے، سب بہت برا کھیلے ، سرفراز الیون کو اب نئے سرے سے سب خامیوں کو دور کرکے کھیلنا ہوگا، جو غلطیاں ہم نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کی، ان کو دہرائیں گے تو مسئلہ ہوگا ۔اپنے بھتیجے امام الحق کی خراب پرفارمنس کا دفاع کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہناتھاکہ امام الحق کومجھ سے جوڑناٹھیک نہیں،امام الحق اچھاکھلاڑی ہے اور ٹیم میں زیادہ عرصے تک کھیل سکتاہے،تین یاچار اننگز میں فیل ہونے پر اس کے خلاف اس طرح کا شور مچانا ٹھیک نہیں ہے۔