اسلام آباد/ لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں وزارت اطلاعات میں آنے کی پیشکش کی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ 4 میٹنگز ہوئیں، وزیراعظم نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں آجائیں۔فواد چوہدری سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وہ لندن میں 8 روز سے پکنک پر ہیں،میں نے ان سے کہا ہے کہ واپس آ جائیں۔ تاہم چند گھنٹے بعد ہی نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ فواد چوہدری بہترین وزیر اطلاعات ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ مجھے وزیر اطلاعات بننے کا کوئی شوق نہیں ، میں ریلوے میں بہت خوش ہوں اور اسی شعبے میں کارکردگی دکھاؤں گا۔وزیر ریلوے نے کہا کہ لندن پکنک کی بات مذاق میں کہی تھی۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ ہلچل بس ٹی وی چینلز میں ہی مچی ہوتی ہے۔ شیخ رشید کے لیے اپنی وزارت چھوڑنے کے لیے تیار ہوں۔ بطور رکن قومی اسمبلی پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا لیکن یہ فیصلہ وزیراعظم کریں گے کہ اس وزارت کے لیے کون زیادہ موزوں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک وزیر ہوں ایڈورٹائزنگ لابی کی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا۔اس معاملے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری بہترین کام کر رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔