گلستان جوہر میں میلاد تقریب پر کریکر حملہ – 6 زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گلستان جوہر پرفیوم چوک پر ہونے والی میلاد تقریب میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے کئے گئے کریکر حملے میں 5افراد زخمی ہوگئے ،جن میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی کے کوآرڈینیٹر بابر ولد فیضان اور 2 خواتین شامل ہیں۔ایس ایس پی شرقی غلام اصفرمہیسر کے مطابق جائےوقوعہ سےڈیٹونیٹراورکریکرکےکچھ ذرات ملےہیں، ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی کہ موٹرسائیکل سوار شرپسند عناصر کی جانب سے کچھ پھینکا گیا ،جس کے بعد زور دار دھماکے سے جائے وقوعہ پر آدھا فٹ گہرا گڑھا بن گیااور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ ذرائع کے مطابق دیگر زاویوں سے بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ مذکورہ دھماکہ کریکر کا تھا ،وہاں کوئی اور مشتبہ چیز پہلے سے موجود تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اطراف میں اپارٹمنٹ اس کے کیمروں کی بھی مدد لی جارہی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے کی لائٹ چلی گئی۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ،جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اقرار نامی اپارٹمنٹ کے باہرمحفل ذکر مصطفی ﷺ کا اہتمام ایم کیو ایم پاکستان نے کیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تقریب کی اجازت نہیں لی گئی تھی اور نہ ہی تھانے کو اس کے حوالے سے مطلع کیا گیا تھا۔ فیصل سبزواری نے بتایا کہ دھماکے میں6 کارکن زخمی ہوئے ،تاہم اسٹیج پر بیٹھے پارٹی سربراہ خالد مقبول صدیقی اور سندھ اسمبلی کے رکن خواجہ اظہار الحسن بال بال بچ گئے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرلیے۔جبکہ تحقیقات کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔ جوہر موڑ سے جوہر چورنگی جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی سے بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کیا اور فوری رپورٹ طلب کرلی۔

Comments (0)
Add Comment