اٹک؍اسلام آباد ( نامہ نگار؍خبر ایجنسیاں) ہنزہ میں اپنے شوہر کیساتھ گیس لیکج سے جاں بحق ہونے والی وزارت خارجہ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر خاتون افسر سید ہ فاطمی کو ان کے آبائی علاقہ میں سپردخاک کردیا گیا، دفترخارجہ کے سینئرافسران نے نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے غمزدہ خاندان کے ساتھ ملاقات افسوس کا اظہار کیا۔نماز جنازہ امام بارگاہ حسینیہ کیمبلپور سیداں اٹک کینٹ میں مولانا احمد علی رضوی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں سادات برادری کے علاوہ سیاسی ، سماجی شخصیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور علاقہ کی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔شادی کے چند روز بعد ہی خاتون آفیسر کی المناک موت پر ہر آنکھ پر اشکبار تھی۔مرحومہ کی تدفین حلیم شاہ قبرستان میں کر دی گئی۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز دفتر خارجہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز خاتون افسر سیدہ فاطمی اور اس کے شوہرکو سپرد خاک کردیا گیا ۔ سیدہ فاطمی کی نمازہ جنازہ میں وزارت خارجہ سے سینئر افسران نے شرکت کی اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے سیدہ فاطمی کے خاندان کے ساتھ اظہار افسوس کیا ۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیدفاطمی کی موت پر نہایت افسوس کا اظہارکیا ہے اور غم زدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے ۔