ڈہرکی (رپورٹ: میر عابد بھٹو) قانون کے رکھوالوں نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں، ایس پی آفس گھوٹکی کے ریڈرانسپکٹر اپنی شادی پر ایس پی آفس کے سامنے قومی شاہراہ بند کرکے باراتیوں ساتھ بھنگڑے، دولہے اور باراتیوں نے رقص کیلئے سڑک بلاک کردی جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی گھوٹکی کے ریڈر انسپکٹر شاہد ملک اپنی شادی کی خوشی ہوش حواس کھو بیٹھے، انسپکٹر شاہد ملک اپنی بارات کے ہمراہ اوباڑو سے گھوٹکی جارہے تھے کہ ایس پی آفس میرپور ماتھیلو کے سامنے قومی شاہراہ پر بارات کو روک کر باراتیوں کے ساتھ رقص کرتے رہے ۔ جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگئی اور مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ایس پی آفس میں تعینات پولیس اہلکاروں نے قومی شاہراہ کو کھلوانے کے بجائے انسپکٹر کو پروٹول دیتے رہے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر شہریوں نے ایس پی گھوٹکی اور انسپکٹرکو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اپنے حق کے قومی شاہرا ہ بند کرکے احتجاج کرتے ہیں تو ان پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا جاتا ہے ، لیکن قانون کے رکھوالے خود قانون کی پاسداری نہیں کرتے ہیں۔انسپکٹر شاہد ملک کے خلاف کارروائی کی جائے ۔